ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایران کا نیا ریکارڈ:ہر 4گھنٹوں میں ایک پھانسی

ایران کا نیا ریکارڈ:ہر 4گھنٹوں میں ایک پھانسی

Sat, 15 Jul 2017 12:28:32    S.O. News Service

لندن،14؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ایران نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، مگر یہ ریکارڈ کھیل کے میدان میں نہیں بلکہ پھانسی کی سزا پر عمل درامد کے حوالے سے سامنے آیا ہے جہاں ہر چار گھنٹوں میں ایک شخص کو پھانسی کے ذریعے موت کے گھاٹ اتارا جاتا ہے۔ایران میں انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ تہران میں عدلیہ نے رواں ماہ کی یکم تاریخ سے اب تک سزائے موت کے 56فیصلوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ تاہم ایرانی سرکاری میڈیا نے صرف سات افراد کو پھانسی دیے جانے کو تسلیم کیا ہے۔تنظیم کے مطابق پھانسی دیے جانے والے افراد میں سے 31پر منشیات کی تجارت کا الزام تھا۔ ان میں اکثریت کا تعلق ایرانی بلوچستان جیسے غریب اور پس ماندہ علاقوں سے ہے۔مذکورہ ایرانی تنظیم جس کا صدر دفتر لندن میں ہے،اس نے پھانسی کی اس تعداد کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے اس پر عمل درآمد فوری طور پر روک دینے کا مطالبہ کیا ہے۔تنظیم کے ترجمان محمود امیری کا کہنا ہے کہ ہمیں چاہیے کہ ایرانی جیلوں میں جو کچھ ہو رہا ہے، اُس کے حوالے سے عالمی برادری کے ردود عمل پر کان دھریں ،اس سے قبل کہ وقت گزر جائے اور کوئی انسانی المیہ پیش آئے۔انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ایرانی جیلوں میں 5ہزار سے زیادہ افراد ہیں، جن کو سزائے موت کا فیصلہ سنایا جا چکا ہے۔ ان افراد کے خلاف سزا پر انہیں پیشگی آگاہ کیے بغیر ہر لمحہ اور ہر آن عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ایران میں انسانی حقوق کی تنظیم نے دس روز قبل جاری ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 239افراد کو پھانسی دی گئی ہے ،جب کہ ایرانی سرکاری ایجنسیوں کی جانب سے صرف 45پھانسیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔


Share: